نیشنل ڈیسک: بالی وڈ ڈرگس کنکشن میں مزاحیہ اداکارہ بھارتی سنگھ بھی ریڈار پر آگئی ہیں۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے ہفتے کے روز اس کے ممبئی کے گھر پر چھاپہ مارا جہاں سے گانجہ برآمد ہوا ہے۔ این سی بی نے بھارتی سنگھ اور اس کے شوہر کو تفتیش کے لئے دفتر بلایا ہے ۔
این سی بی ذرائع کے مطابق منشیات فروشوں سے ملی خفیہ اطلاع کے بعد ، بھارتی سنگھ اور اس کے شوہر ہرش کے گھر پر چھاپہ مارا گیا۔ چھان بین کرنے والی ایجنسی کے ذریعہ اندھیری ، لوکھنڈ والا اور ورسووا سمیت تین مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وان کھیڈے نے بتایا کہ بھارتی اور ان کے شوہر کو این سی بی نے منشیات کے استعمال کے بارے میں پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا ہے۔ این سی بی ان دونوں کو آگے کی تفتیش کے لئے اپنے زونل دفتر لے کر گئی ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ، این سی بی ہرش کو اپنی گاڑی میں لے گئی جبکہ بھارتی سنگھ پیچھے لال مرسڈیز میں این سی بی کے دفتر پہنچی۔ بھارتی کا کہنا ہے کہ انھیں صرف پوچھ گچھ کے لئے بلایا گیا ہے۔
بتادیں کہ این سی بی بالی وڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں منشیات کا زاویہ سامنے آنے کے بعد سے لگاتار چھاپے مار رہی ہے۔ منشیات کے معاملے پر این سی بی کا شکنجہ بالی وڈ اسٹارز پر کستا جارہا ہے ۔ اس ماہ کے شروع میں ، این سی بی نے اداکار ارجن رامپال کے گھر پر چھاپہ مارا اور انہیں اور ان کی گرل فرینڈ گیبریلا ڈیمٹرا یئس کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا ہے۔