نئی دہلی ، 28 جون (یو این آئی) دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (ایمس) اسپتال کے کیجولٹی وارڈ کے قریب گراؤنڈ فلور پر اسٹور روم میں آگ لگ گئی۔
جنوبی دہلی کے ایک پولیس افسر نے آج یہاں بتایا کہ پی سی آر کو صبح 5 بج کر 15 منٹ پر ایمس میں اس آتشزدگی کی اطلاع ملی۔ جب پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو پتہ چلا کہ کیجولٹی وارڈ کے قریب اسٹور سے دھواں نکل رہا ہے۔ آگ لگنے کے بعد مریضوں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فائربریگیڈ کی سات گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اب صورتحال بالکل نارمل ہے۔ اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
وہاں موجود سینئر عملہ نے بتایا کہ اس حادثے کے بعد مریضوں کیلئے کیجولٹی وارڈ دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں تفتیش کی جاری ہے۔