نئی دہلی،2جنوری( یواین آئی) ہفتہ کی صبح دہلی اور قومی دارالحکومت خطہ میں متعدد مقامات پر ہلکی بارش ہوئی ، جس سے سردی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
دھند نے آج صبح قومی دارالحکومت کو لپیٹے میں لئے رکھا جس کے سبب ویژیبلٹی کافی کم تھی۔
دہلی میں بارش کے باوجود کم سے کم درجہ حرارت سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، جو اس موسم کے لئے معمول ہے۔
صبح 11 بجے کے قریب موسم میں بہتری آئی اور درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔ گھنے دھند کی وجہ سے ویژیبلٹی بہت کم تھی جس کے سبب شاہراہوں پر ٹریفک کافی دھیمی رفتار سے چل رہی تھی۔
جمعہ کو کم سے کم درجہ حرارت 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، جو اس موسم سے چھ ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مزید ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے ، جبکہ عام طور پر آسمان ابر آلود رہنے کی امید ہے۔
صبح 8 بجکر 30 منٹ پر قومی دارالحکومت میں رطوبت کی سطح 100 فیصد ریکارڈ کی گئی ، جبکہ ہوا کا معیار کافی خراب تھا۔ سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کے مطابق قومی راجدھانی میں صبح کے نو بجے ہوا کے معیار کا انڈیکس 453 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بھی ہلکی بارش یا بوندا باندی کے ساتھ عام طور پرآسمان ابر آلود رہے گا۔ کم سے کم درجہ حرارت آٹھ ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کاامکان ہے۔
جمعہ کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19.2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا ، جو اس سیزن کے لئے معمول تھا۔