نئی دہلی / چنئی:کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم اور ان کے بیٹے کارتی چدمبرم کی چنئی میں واقع رہائش گاہ سمیت کئی دیگر ٹھکانوں پر مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے آج چھاپے مارے ۔ سی بی آئی نے کل ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔
سابق وزیر خزانہ کے کرائی کڑی رہائش کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی چھاپے مارے گئے ۔ ذرائع کے مطابق یہ چھاپے آئی این ایکس میڈیا گروپ کو غیر ملکی سرمایہ کاری کی منظوری دلانے کے معاملے میں کارتی چدمبرم کے مبینہ ملوث ہونے کے سلسلے میں مارے گئے ہیں ۔گزشتہ 17 اپریل کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 40 کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم کے معاملہ میں غیرملکی زر مبادلہ سے متعلق قانون (فیما) کی خلاف ورزی کی پاداش میں کارتی چدمبرم اور ان سے مبینہ طور پر منسلک کمپنی کو وجہ بتاو نوٹس جاری کیا تھا۔ ان کے خلاف ایئر سیل-میکسس کیس میں منی لانڈرنگ کے الزامات کی بھی جانچ کی جا رہی ہے ۔