پٹنہ :مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی ) کی الگ الگ ٹیم ریلوے ٹینڈر میں ہوئی بدعنوانی کے معاملوں میں بہار کے سابق وزیر اعلی اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو کے پٹنہ، رانچی، دہلی اور پوری کے 12 ٹھکانوں پر آج ایک ساتھ چھاپہ مار رہی ہے ۔
پٹنہ کے ‘دس سرکلر روڈ’ پر واقع رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش گاہ پر صبح تقریباً آٹھ بجے سی بی آئی کی ٹیم چھاپہ مارنے پہنچی حالانکہ چھاپہ سے قبل سی بی آئی کے حکام نے کچھ بھی بتانے سے انکار کردیا۔
چھاپہ کے دوران محترمہ رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر بڑی تعداد میں پولیس جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے اور دروازہ کے اندر کسی بھی لیڈر یا عام لوگوں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔ دس سرکلر روڈ جانے والے تمام راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ۔
یہ معاملہ ریلوے وزارت سے متعلق 2006 کا ہے جب مسٹر یادو ریلوے وزیر تھے ۔ اس وقت کے ریلوے وزیر مسٹر یادو پر جھارکھنڈ کے رانچی اور اڈیشہ کے پوری میں واقع ریلوے کے دو ہوٹلوں کے بدلے ہرش کوچر سے 200 کروڑ کی بے نامی زمین پٹنہ میں ڈیلائٹ مارکیٹنگ کمپنی کے نام سے لینے کا الزام بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) قانون ساز کونسل کے لیڈر سشیل کمار مودی نے لگایا تھا۔
ٹینڈر میں کوچر کو رانچی اور پوری میں ریلوے کے ہوٹل دیئے جانے کے عوض زمین دینے کا معاملہ روشنی میں آنے کے بعد سی بی آئی نے معاملے کی جانچ شروع کی۔ جانچ کے دوران کئی معاملوں کا پتہ چلا جس کے بعد یہ چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سی بی آئی کی ٹیم رانچی کے بی این آر چانکیہ ہوٹل میں بھی چھاپہ مار کر کاغذات کی جانچ کر رہی ہے ۔ پوری میں بھی ریلوے سے منسلک ہوٹل پر بیورو کی ٹیم چھاپہ مار رہی ہے ۔ اس کے علاوہ سی بی آئی کی ٹیم مسٹر یادو کے دہلی میں واقع مقامات پر بھی چھاپہ کی کارروائی کر رہی ہے ۔
آر جے ڈی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر شیوانند تیواری سنجے گاندھی بوٹنیکل گارڈن میں ٹہلنے کے بعد جب دس سرکلر روڈ پہنچے تب انہوں نے نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہاکہ جس طرح مسٹر یادو مرکز کی نریندر مودی حکومت کو للکار رہے تھے اس سے لگتا تھا کہ یہ ہونا ہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت سی بی آئی سمیت دیگر ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔
مسٹر تیواری نے کہاکہ مسٹر یادو کے خلاف اس طرح کے چھاپے سے کوئی اثر پڑنے والا نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی جتنی کارروائی ان کے خلاف ہوگی وہ اتنے ہی مضبوط بن کر ابھریں گے ۔ دریں اثنا بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر نند کشور یادو نے کہاکہ جو جیسا کرے گا ویسا بھرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ ان کے اوپر کروڑوں روپئے کی ناجائز جائیداد جمع کرنے اور ریلوے وزیر رہتے ہوئے کئی سنگین الزامات لگے ہیں۔
اس سے قبل پانچ جولائی کو آر جے ڈی کے 21 ویں یوم تاسیس کے موقع پر مسٹر یادو نے پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے کہا تھا کہ پٹنہ کے گاندھی میدان میں منعقد ہونے والی ‘بی جے پی بھگاؤ، دیش بچاؤ ریلی’ سے پہلے انہیں جیل بھی جانا پڑ سکتا ہے اور اس کے لئے بھی تمام کارکنوں کو لالو بننا ہوگا۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر ملک میں غیر اعلانیہ ایمرجنسی تھوپنے کا بھی الزام لگایا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل انکم ٹیکس محکمہ نے 16 مئی کو بے نامی جائیداد اور آمدنی سے زیادہ اثاثہ جمع کرنے کے معاملے میں دہلی اور قومی راجدھانی خطہ کے گرو گرام میں راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سربراہ مسٹر یادو اور ان کے قریبی افراد کے 20 ٹھکانوں پر چھاپہ مارا تھا۔