نئی دہلی/پٹنہ، 7 جولائی (یو این آئی) مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) ریلوے کے دو ہوٹلوں کے ٹینڈر میں ہوئی بے ضابطگی معاملے میں سابق ریلوے وزیر لالو پرساد یادو کے پٹنہ واقع رہائش گاہ سمیت ملک کے 12 ٹھکانوں پر چھاپہ مار رہی ہے ۔
سی بی آئی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر راکیش استھانہ نے آج یہاں میڈیا کو بتایا کہ مسٹر یادو کے پٹنہ واقع رہائش گاہ کے علاوہ رانچی، دہلی، گروگرام اور بھوبنیشور کے 12 ٹھکانوں پر صبح ساڑھے سات بجے سے چھاپہ کی کارروائی ایک ساتھ شروع کی گئی، جو خبر لکھے جانے تک جاری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جانچ ایجنسی کو 2017 میں اس سلسلے میں ایک شکایت ملی تھی،جس کی بنیاد پر ابتدائی جانچ کی گئی۔ بادی النظر میں گڑبڑی کا پتہ چلنے کے بعد گزشتہ پانچ جولائی کو مسٹر یادو، ان کی اہلیہ اور سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی ، بیٹا تیجسوی یادو، سابق مرکزی وزیر پریم چند گپتا کی بیوی سرلا گپتا، سجاتا ہوٹل پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ڈائریکٹر وجے اور ونے کوچر، آئی آر سی ٹی سی کے اس وقت کے مینجنگ ڈائریکٹر پی کے گوئل اور کچھ نامعلوم افرد کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا تھا۔
مسٹر استھانہ نے بتایا کہ یہ مقدمہ تعزیرات ہند کی دفعات 420 اور 120 بی اور انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 13 اور 13 (1) (ڈی) کے تحت دائر کیا گیا ہے ۔