نئی دہلی : تہاڑ جیل میں بند راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر سید شہاب الدین کو بہار کے صحافی راجدیو رنجن قتل کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے حراست میں لیا ہے ۔
سابق ممبر پارلیمنٹ کو آج سی بی آئی اپنے ہیڈکوارٹر لے گئی، جہاں وہ صحافی قتل معاملے میں پوچھ گچھکرے گی۔مظفر پور کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے جمعہ کو پوچھ گچھ کے لیے سی بی آئی کو شہاب الدین کو آٹھ دن کے لئے حراست میں لینے کی اجازت دی تھی۔روزنامہ ہندوستان(ہندی) کے بیورو چیف راجدیو رنجن کا گزشتہ سال 13 مئی کو گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ شہاب الدین پر راجدیو رنجن کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام ہے ۔مقتول صحافی کی بیوی نے قتل میں شہاب الدین کے شامل ہونے کا الزام لگایا تھا۔ سی بی آئی نے 22 مئی کو راجدیو رنجن قتل معاملے میں شہاب الدین کو ملزم بنانے کی درخواست دائر کی تھی۔ سابق ممبرپارلیمنٹ صحافی قتل معاملے میں 10 ویں ملزم ہیں۔ سی بی آئی اس معاملے میں سات ملزمان کے خلاف چارج شیٹ دائر کر چکی ہے ۔ اس قتل معاملے میں محمد کیف اور محمد جاوید کے نام کے دو ملزمان ضمانت پر ہیں۔سپریم کورٹ نے سیوان باشندہ چندر پرساد کے تین بیٹوں کو الگ الگ واقعات میں قتل کر دئے جانے کے معاملے پر اس سال فروری میں شہاب الدین کو دہلی کے تہاڑ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔