کولکاتا: کلکتہ ہائی کورٹ نے منگل کو آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں ایک خاتون جونیئر ڈاکٹر کی مبینہ عصمت دری اور قتل کی سی بی آئی تحقیقات کا حکم دیا۔
سی بی آئی کی ٹیم اس معاملے کی جانچ کے لیے بدھ کو کولکاتا پہنچ گئی۔ معلومات کے مطابق سی بی آئی کی ٹیم ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے معاملے کی جانچ کرے گی اور 7 افراد کا ایک وفد کولکاتا پہنچ گیا۔
ذرائع کے مطابق اس ٹیم میں فرانزک ماہرین اور میڈیکل آفیسرز شامل ہیں۔ سب سے پہلے کیس ٹیک اوور کرنے کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ اس کے بعد سی بی آئی کے عہدیدار آر جی کر میڈیکل کالج اسپتال پہنچیں گے۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے اس معاملے کی جانچ کر رہی کولکاتا پولیس کی ایس آئی ٹی کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر تمام متعلقہ دستاویزات، سی سی ٹی وی فوٹیج اور ثبوت سی بی آئی کو سونپ دے۔
پولیس کی جانب سے پیش کی گئی کیس ڈائری کا جائزہ لیتے ہوئے عدالت نے پایا کہ تفتیش کی پیشرفت تسلی بخش نہیں ہے۔
قبل ازیں، پیر کو سی بی آئی نے کہا تھا کہ اگر پولیس اتوار تک کیس کو حل نہیں کر پاتی ہے تو وہ اسے سی بی آئی کے حوالے کر دے گی۔ مغربی بنگال اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سبیندو ادھیکاری نے ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کیس کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپ کر کلکتہ ہائی کورٹ انصاف کا علمبردار بن کر سامنے آیا ہے۔