نئی دہلی. ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے سی بی ایس ای کی 12 ویں کلاس کے امتحانات رد کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ امتحان کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرصدارت منعقدہ میٹنگ میں کیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاوڈیکر اور مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے علاوہ میٹنگ میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن اینڈ ہائر ایجوکیشن آف وزارت تعلیم شامل رہے۔
میٹنگ میں سی بی ایس ای CBSE کے چیئرمین نے بھی شرکت کی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم کو امتحان کے انعقاد کے تمام متبادل کے بارے میں بتایا گیا۔
حالانکہ میٹنگ کے بعد اس نتیجے پر پہنچا گیا کہ کورونا وائرس بحران کے دوران سی بی ایس ای 12 ویں کے امتحان کا انعقاد کرنا مناسب نہیں ہوگا۔ اس کے بعد ان امتحانات کو رد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بعد میں ، جب بھی امتحان کا انعقاد جائے گا بچوں کے والدین کو اس کے بارے میں بتایا جائے گا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سی بی ایس ای کے بارہویں کے امتحانات کے بارے میں فیصلہ طلباء کے مفاد میں کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کووڈ-19 کی وجہ سے اکیڈمک کلینڈر پر اثر پڑا ہے اور بورڈ امتحانات کے معاملےکو لے کر طلباء، والدین اور اساتذہ کے اندر جو شدید بے چینی ہے اس کا خاتمہ ہونا چاہئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں کووڈ کی صورت حال ایک ڈائنیمک صورت حال ہے۔ اگرچہ ملک میں کووڈ کے معاملات کم ہورہے ہیں اور کچھ ریاستیں مؤثر مائیکرو- کانٹیمنٹ کے توسط سے صورت حال کو قابو میں کررہی ہیں، تاہم کچھ ریاستوں نے ابھی بھی لاک ڈاؤن کا متبادل اختیار کیا ہے۔ طلباء، والدین اور اساتذہ فطری طور پر اس صورت حال میں طلباء کی صحت کے تعلق سے خوف زدہ ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسی کشیدہ صورت حال میں طلباء کو امتحانات میں شرکت کے لئے مجبور نہیں کیا جانا چاہئے۔
وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ طلباء کی صحت اور ان کا تحفظ انتہائی اہم ہے اور اس معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں امتحانات ہمارے نوجوانوں کو خطرے میں ڈھکیلنے کا سبب نہیں بن سکتے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سبھی حصص داروں کو طلباء کے تئیں حساسیت کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم نے اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ نتائج واضح طور پر طے شدہ معیار کے مطابق منصفانہ طریقے سے ایک مقررہ وقت کے اندر تیار کئے جائیں۔
بڑے پیمانے پر ہوئی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ طلباء دوست اس فیصلے پر بھارت کے طول و عرض میں سبھی حصص داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد پہنچا گیا ہے۔ انھوں نے اس معاملے میں فیڈبیک دینے کے لئے سبھی ریاستوں کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گزشتہ برس کی طرح اگر کچھ طلباء امتحان دینا چاہیں تو جب صورت حال سازگار ہو تو سی بی ایس ای کے ذریعہ انھیں ایسا متبادل دستیاب کرایا جائے۔
اس سے قبل وزیر اعظم نے 21 مئی 2021 کو ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی تھی، جس میں وزراء اور اہلکاروں نے شرکت کی تھی۔ اس کے بعد 23 مئی 2021 کو مرکزی وزیر دفاع کی صدارت میں ایک میٹنگ ہوئی تھی، جس میں ریاستوں کے وزرائے تعلیم نے شرکت کی تھی۔ میٹنگ میں سی بی ایس ای امتحانات کے انعقاد سے متعلق متعدد متبادل پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا اور ریاستوں نیز مرکز کے زیر انتظام علاقوں سے فیڈبیک لئے گئے تھے۔
آج کی میٹنگ میں امور داخلہ، دفاع، خزانہ، تجارت، اطلاعات و نشریات، پٹرولیم اور خواتین و اطفال بہبود کی وزارتوں کے مرکزی وزراء اور وزیر اعظم کے پرنسپل سکریٹری، کابینہ سکریٹری اور اسکولی تعلیم و اعلیٰ تعلیم کے محکموں کے سکریٹریوں اور دیگر اہلکاروں نے شرکت کی۔
اروند کیجریوال نے کی تھی امتحان رد کرنے کی مانگ
کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر مسلسل بورڈ کے امتحان کورد کرنے کے لئے کیا جارہا تھا۔ اس سلسلے میں دہلی کے سی ایم اروند کیجریوال نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بچے اور والدین بارہویں کے امتحان کو لے کر بہت فکر مند ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ بغیر ویکسین کے ، بارہویں کا امتحان نہ ہو۔ میں مرکزی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ بارہویں کا امتحان رد کیا جائے۔ گزشتہ کارکردگی کی بنیاد پر ان کا جائزہ لیا جائے۔