پریاگ راج: الہ آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ ہجومی تشدد کے معاملے میں مرکزی اور ریاستی حکومتیں سپریم کورٹ کے رہنما خطوط کی پابند ہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ کو سپریم کورٹ کے تحسین ایس پونا والا کیس میں دیے گئے فیصلے کی تعمیل کرنے کے لیے ہائی کورٹ آنے سے پہلے ریاستی حکومت سے رابطہ کرنا چاہیے۔
جسٹس سدھارتھ اور جسٹس اونیش سکسینہ کی ڈویژن بنچ نے فوجداری معاملے میں جمعیۃ علماء ہند کے ارشد مدنی کی مفاد عامہ کی عرضی کو نمٹاتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔
جمعیۃ علماء ہند نے ریاست اتر پردیش اور پولیس کے ڈائریکٹر جنرل سے 24 مئی 2025 کو علی گڑھ کے ہردوا گنج پولیس اسٹیشن میں درج ایک کیس کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دینے کی مانگی تھی۔ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا ہے کہ ممنوعہ گوشت لے جانے کے شک میں ایک مخصوص کمیونٹی کے کم از کم چار لوگوں کو ہجوم نے بے رحمی سے مارا پیٹا۔ وہیں پولیس شفاف طریقے سے جانچ نہیں کر رہی ہے۔
درخواست میں متاثرین کے لیے فوری مالی امداد، ہجومی تشدد سے نمٹنے کے لیے ہر ضلع میں نوڈل افسروں کی تقرری، گذشتہ پانچ برسوں میں ہجومی تشدد کے معاملات کی اسٹیٹس رپورٹ اور فاسٹ ٹریک کورٹس کے قیام کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے دلیل دی کہ ریاستی حکومتیں تحسین ایس پونا والا کیس کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہی ہیں، جس کی وجہ سے نفرت انگیز تقاریر اور ممنوعہ گوشت اور گائے کی نسل سے متعلق تشدد میں اضافہ ہوا ہے۔
ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل منیش گوئل نے کہا کہ تحسین ایس پونا والا کیس کے رہنما خطوط میں ہر ضلع میں نوڈل افسروں کی تقرری، حساس علاقوں میں پولس گشت، ہجومی تشدد کے سنگین نتائج کے بارے میں عوام میں بیداری پھیلانا اور قصوروار افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کرنا شامل ہے، جو حکومت پر لازم ہے۔