جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی کی نازیہ نسیم پہلی کروڑ پتی بن گئی ہیں۔ 7 کروڑ کا جیک پاٹ جیت کر تاریخ رقم کریں گی۔نازیہ کو (کے بی سی) کے سیزن 12 کی پہلی کروڑ پتی کانٹیسٹنٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ واضح رہے کہ کے بی سی کا سیزن 12 خوبصورت انداز میں ناظرین کو محظوظ کر رہا ہے۔ اس شو کو دلچسپ موڑ پر لاکر کھڑا کیا ہے رانچی کے ڈورنڈہ واقع پراسٹولی کی نازیہ نسیم نے ، جو اس سیزن کی پہلی کروڑ پتی کانٹیسٹینٹ بن گئی ہیں۔
میکرس کی طرف سے شو کا ایک پرومو ریلیز کیا گیا ہے۔ پرومو میں نظر آرہی نازیہ نسیم نے ایک کروڑ کے سوال کا صحیح جواب دے دیا ہے۔ بالی ووڈ کے معروف اداکار اور کے بی سی کے ہوسٹ امیتابھ بچن بھی جوش کے ساتھ یہ اعلان کر رہے ہیں کہ نازیہ نے ایک کروڑ روپئے اپنے نام کرلیا ہے۔ نازیہ نسیم اس سیزن کی پہلی کروڑ پتی کانٹیسٹینٹ بن گئی ہیں۔ اس پروگرام میں ایک کروڑ کے سوال تک کانٹیسٹینٹ پہنچ جاتے ہیں لیکن اس سوال کا جواب دینا ہمیشہ مشکل ثابت ہوتا ہے لیکن اپنے صلاحیت کے بل پر نازیہ نے یہ کمال کردکھایا ہے۔
پرومو میں امیتابھ ، نازیہ کے ساتھ کروڑ کا جیک پاٹ کروڑ کا سوال بھی رکھنے والے ہیں۔ اگر نازیہ اس سوال کا جواب دے دیتی ہیں تو وہ تاریخ رقم کرلے گی لیکن ہمیشہ کی طرح امیتابھ نازیہ کو ہوشیار کر رہے ہیں اور وہ انہیں سوچ سمجھ کر کھیلنے کا مشورہ بھی دے رہے ہیں اور خود اعتمادی سے بھری نازیہ کہتی نظرآرہی ہیں کہ وہ ہمیشہ سے رسک لیتی آئی ہیں۔ مطلب نازیہ سات کروڑ جیک پاٹ سوال کھیلنے جارہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر کے بی سی کا پرومو تیزی سے وائرل ہوچکا ہے۔ رانچی سمیت ملک بھر کے لوگ اس شو کو دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔ یہ شو 11 نومبرکو 9 بجے شب ٹیلی کاسٹ ہوگا۔ پراسٹولی محلہ کی باشندہ تسنیم ربا نے بتایا کہ نازیہ نسیم کے والد کا نام نسیم احمد علوی ہے۔ والدہ کا نام بشریٰ نسیم ہے۔ وہ مزید بتاتی ہیں کہ نازیہ رانچی کے ڈی اے وی شیاملی اسکول اور سنت جیویئر کالج سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد دہلی میں ملازمت کر رہی تھیں۔ تسنیم کے مطابق نازیہ کی شادی بھیلائی کے باشندہ محمد شکیل سے ہوئی تھی۔ نازیہ نے دہلی کے جے این یو سے ماسک کمیونیکشن کا کورس کرنے کے بعد دواریکا میں سکونت اختیار کر لی ہے۔