بیجنگ:چین کے مریخ روور ژورونگ نے سرخ سیارے کے کم عرض البلد کے گرم ترین خطوں میں سے ایک پر مائع پانی کے اہم مشاہداتی ثبوت فراہم کیے ہیں۔یہ انکشاف اس ہفتے سائنس ایڈوانسز نامی جریدے میں شائع ہونے والی نئی تحقیق میں کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے سامنے آنے والی تحقیقات میں مریخ پر ابتدا میں مائع پانی کی ایک بڑی مقدار کے شواہد ملے تھے، لیکن آب و ہوا کی ڈرامائی تبدیلیوں کے نتیجے میں بہت کم دبا اور پانی کے بخارات پیدا ہوئے، جس کی وجہ سے اس وقت سیارے پر مائع پانی کا موجود ہونا مشکل ہو گیا۔
سائنس دانوں کا خیال ہے کہ پانی اب صرف ٹھوس یا گیسی شکلوں میں ہی موجود رہ سکتا ہے۔تاہم، ناسا کے فینکس مارس لینڈر کے روبوٹک آرم پر نظر آنے والی بوندوں سے ثابت ہوتا ہے کہ نمکین مائع پانی گرمیوں میں مریخ پر اونچے عرض بلد کے علاقے میں ظاہر ہو سکتا ہے۔
سیمولیٹڈ تخمینہ سے اس بات کا بھی پتہ چلتا ہے کہ مائع پانی کے لیے موزوں موسمی حالات مریخ کے بعض علاقوں میں مختصر طور پر ہو سکتے ہیں۔ لیکن سیارے کے کم عرض البلد پر مائع پانی کیثبوت، جہاں سطح کا درجہ حرارت سب سے زیادہ ہے، ابھی بھی بہت کم سامنے آئے ہیں۔تاہم ژورونگ روور کی تحقیق نے اس خلا کو پر کردیا ہے۔