روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے یوکرین تنازع پر مذاکرات کے بارے میں چین کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین اور روس کے تعلقات اعلیٰ ترین مقام پر ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنے اتحاد کی مضبوطی کو سراہا ہے جہاں چینی رہنما بین الاقوامی طور پر تنہائی کا شکار روسی صدر سے ملاقات کے لیے ماسکو روانہ ہوئے۔
چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے دورے کو ’دوستی، تعاون اور امن کا سفر‘ قرار دیا ہے اگرچہ چین کو مغربی ممالک کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے جس کو وہ یوکرین میں روس کی جنگ کے لیے خفیہ پشت پناہی اور سفارتی احاطہ سمجھتے ہیں۔
صدر شی جن پنگ نے اخبار روسی گزٹ میں ایک دستخط شدہ مضمون میں لکھا کہ صدر پیوٹن کے ساتھ تعلقات کے لیے مشترکہ طور پر ایک نیا مؤقف اپنانے کے لیے کام کرنے کا منتظر ہوں۔