گوانگژو: کورونا کیسوں میں اضافے کے باعث پولیس نے رہایشی علاقہ بند کررکھا ہے‘ بڑے پیمانے پر تشخیص کا عمل جاری ہےبیجنگ ؛چین کے جنوبی شہر گو آنگ ژو میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اچانک اضافے کے باعث تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ بین الاقوامی خبررساں اداروں کے مطابق ہیلتھ اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 27 متاثرین میں سے 7افراد حال ہی میں باہر سے آئے تھے،جب کہ دیگر مریضوں نے کوئی سفر نہیں کیا تھا۔ گو آنگ ژو کا انٹرنیشنل ائر پورٹ گزشتہ برس عالمی وبا کے دوران بھی دنیا کا مصروف ترین ہوائی اڈا رہا تھا۔
دوسری جانب تھائی کی جیلوں میں تیزی سے کورونا وائرس پھیلنے لگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹے کے دوران 4 ہزار نئے کیسوں کی تصدیق ہوئی، جن میں سے نصف تعداد قیدیوں کی ہے۔ ادھر جرمن وزیر صحت ژینس اشپاہن نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مراکز کی سخت نگرانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ برلن میں بیٹھ کر ملک بھر میں کورونا ٹیسٹنگ مراکز کی نگرانی نہیں کر سکتے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں جرمن صوبے نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور جنوبی صوبے باویریا میں کورونا ٹیسٹنگ مراکز میں فراڈ کے واقعات سامنے آئے تھے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق آسٹریلیا میں کورونا وائرس کے کیس بڑھنا شروع ہوگئے ہیں اور ریاست وکٹوریا میں لاک ڈاؤن کے چوتھے روز کورونا وائرس کے 11 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ میلبرن میں معمر افراد کے مرکز میں وبا پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا جب کہ وکٹوریا میں جاری لاک ڈاؤن کی مدت میں اضافہ کردیا گیا ہے۔