بیجنگ: چین، چاند پر انسانی مشن بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے خلائی پروگرام سے منسلک ایک سینئر افسر کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے ۔چین نے 2003 میں خلا میں اپنا مسافر بھیج کر دنیا میں تیسرا ایسا ملک ھونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
اس سے قبل سابق سوویت یونین اور امریکہ اپنے مسافروں کو خلا میں بھیج چکے ہیں۔ژنہوا نے انسانی مشن خلائی ایجنسی کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور خلا میں جانے کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے چینی شخص یانگ لیوئي کے حوالے سے بتایا کہ اس انسانی مشن کو منظوری ملنے اور اس کے لئے فنڈز کابندوبست ہونے میں اب زیادہ وقت نہیں لگے گا۔غور طلب ہے کہ گزشتہ سال ایک سرکاری افسر نے کہا تھا کہ 2036 تک چین اپنا خلائی مسافر چاند پر بھیجنا چاہتا ہے ۔ اس وقت خلائی پروگرام کو اپ گریڈ کرناچین کی پہلی ترجیح ہے اور چینی صدر زی جن پنگ نے ملک کو خلا ئی شعبے میں سپر پاور بنانے کا اعلان کیا ہے ۔ چین کا کہنا ہے کہ اس کا خلائی پروگرام پرامن کاز کے لئے ہے لیکن امریکہ کا خیال ہے کہ چین اس کی آڑ میں خلائی علاقے میں اپنی طاقت بڑھاناچاہتا ہے تاکہ بحران کے وقت وہ اپنے دشمنوں کو خلا میں تعینات ان سیٹلائٹ سے کسی بھی طرح کی مدد لینے سے روک سکے ۔