نئی دہلی، 30 اپریل وزارت داخلہ نے کانگریس صدر راہل گاندھی کو ان کی شہریت کے سلسلہ میں صورتحال کی وضاحت کرنے کے لئے ان کونوٹس بھیجا ہے۔
وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم پی ڈاکٹر سبرامنيم سوامی نے وزارت کو خط لکھ کر مسٹر گاندھی کی شہریت کے بارے میں شکایت کی تھی۔ وزارت نے شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے مسٹر گاندھی کو ان کی شہریت کے بارے میں 15 دن کے اندر صورتحال کی وضاحت کرنے کو کہا ہے۔
وزارت کے ذرائع نے بتایا کہ نوٹس میں مسٹر گاندھی سے ان کی شہریت کے سلسلے میں اصل حقائق بتانے کو کہا گیا ہے۔
سوامی نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ مسٹر گاندھی 2003 میں برطانیہ کے ہمپشائرمیں واقع ایک کمپنی کے بورڈ آف ڈائرکٹرز میں شامل تھے۔ کمپنی کی 2005 اور 2006 میں دائر سالانہ رٹرن میں مسٹر گاندھی کی تاریخ پیدائش 19 جون 1970 بتائی گئی ہے اور انہوں نے خود کو برطانوی شہری بتایا ہے. سال 2009 میں بھی اسی کمپنی کے دستاویزات میں مسٹر گاندھی کو برطانوی شہری بتایا گیا ہے. ڈاکٹر سوامی نے اسی تناظر میں وزارت داخلہ کو یہ شکایت کی تھی. وزارت نے شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے مسٹر گاندھی کو نوٹس بھیجا ہے۔