اروناچل: توانگ فوجی تصادم معاملے پر وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بلائی میٹنگ، تینوں فوجی سربراہ کی ہوگی شرکت
ہند-چینی فوجی تصادم کا معاملہ گزشتہ 9 دسمبر کا ہے جب ہندوستانی فوجیوں نے چین کی سازش کو ناکام کر دیا تھا، توانگ کے یانگتسے علاقہ میں ہندوستانی فوج اور چینی فوج کے درمیان زوردار تصادم ہوا تھا۔
اروناچل پردیش کے توانگ میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان تصادم کو لے کر ایک طرف اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں آواز اٹھانے کے لیے تیار ہیں، اور دوسری طرف مرکزی حکومت نے بھی اپنی سرگرمی شروع کر دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہند-چین فوجی تصادم کے پیش نظر مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج ایک میٹنگ طلب کی ہے جس میں مرکزی وزیر خارجہ ایس جئے شنکر، سی ڈی ایس لیفٹیننٹ جنرل انل چوہان اور تینوں فوج کے چیف سمیت کئی اہم افسران موجود رہیں گے۔

ہند-چینی فوجی تصادم کا معاملہ گزشتہ 9 دسمبر کا ہے جب ہندوستانی فوجیوں نے چین کی سازش کو ناکام کر دیا تھا۔ توانگ کے یانگتسے علاقہ میں ہندوستانی فوج اور چینی فوج کے درمیان زوردار تصادم ہوا تھا۔ یہ تب ہوا جب مسلح چینی فوجی ہندوستانی فوج کی پوسٹ کو ہٹوانے پہنچے تھے۔ لیکن ہندوستانی فوجیوں کی مستعدی نے چینی فوجیوں کے منصوبوں پر پانی پھیر دیا۔ اس تصادم میں دونوں طرف کے کچھ فوجی زخمی ہوئے ہیں۔









