واشنگٹن، 7 دسمبر (یواین آئی) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ ۔19) سے سنگین طور پر متاثرامریکہ میں اس کے انفیکشن کی وجہ سے اب تک 2.82 لاکھ سے زیادہ افراد کی موت ہوچکی ہے۔
امریکہ میں یہ وبا شدت اختیار کرچکی ہے اور اب تک 14.4 کروڑ سے زائد افراد اس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سنٹر (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق، امریکہ میں کورونا سے اموات کی تعداد 282236 ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 147،50316 ہوگئی ہے۔
امریکہ کے نیو یارک، نیو جرسی اور کیلی فورنیا صوبے کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ صرف نیو یارک میں ہی 34958 افراد کورونا انفیکشن کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔ نیو جرسی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 17321 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کیلی فورنیا میں کووڈ 19 سے اب تک 19921 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ٹیکساس میں اس کی وجہ سے 23137 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ فلوریڈا میں کووڈ 19 سے 19177 افراد اپنی زندگی گنوا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ میساچوسیٹس میں 11004 جبکہ کورونا سے پنسلوینیا میں 11255 افراد ہلاک ہوئے۔
دریں اثنا، امید کی جارہی ہے کہ دوا ساز کمپنی موڈرنا اور فائزر کی تیار کردہ کورونا ویکسین کی کھیپ اس سال کے آخر تک ہر امریکی صوبے میں تقسیم کردی جائے گی۔ موڈرنا نے امریکی محکمہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) سے کورونا ویکسین کے ہنگامی استعمال کے لئے منظوری طلب کی ہے۔