اس میں کوئی شک نہیں کہ انسان کی زندگی کسی لمحے بھی ختم ہوسکتی ہے اور یہ عین ممکن ہے کہ کسی انسان کو ایک ایسے وقت پر موت آجائے جب وہ موت سے متعلق سوچ رہا ہو یا مرنے کی اداکاری کر رہا ہو۔
ایسا ہی کچھ حیران کن اتفاق برطانیہ کے اسٹینڈ اپ کامیڈین اداکار کے ساتھ بھی ہوا جن کی موت دل کا دورہ پڑنے سے عین اس لمحے ہوئی جب وہ ایک اسٹیج ڈرامے کے دوران ہارٹ اٹیک سے متعلق اداکاری کر رہے تھے۔
جی ہاں، برطانیہ کے 60 سالہ اسٹینڈ اپ کامیڈین لین کاگنیٹو اسٹیج ڈرامے کی پرفارمنس کے دوران ہارٹ اٹیک سے چل بسے۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق لین کاگنیٹو کی موت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب انہوں نے کچھ لمحے قبل ہی ڈرامے میں ہارٹ اٹیک یا فالج سے متعلق اداکاری کا ایک سین پیش کیا۔
لین کاگنیٹو اسٹیج ڈرامے میں براہ راست اداکاری کے جوہر دکھا رہے تھے کہ انہیں دل کا دورہ پڑا اور وہ آرام سے اسٹیج پر بیٹھ گئے اور انہوں نے اپنی بانہیں پیچھے کی جانب پھیلا کر آنکھیں بند کرلیں۔
رپورٹ کے مطابق لین کاگنیٹو کے اس عمل کو ناظرین نے ڈرامے کی سین سمجھا اور انتہائی خاموشی اور غور سے انہیں دیکھتے رہے۔ لین کاگنیٹو جب چند منٹ تک یوں ہی لیٹے رہے تو ان کے ساتھی اداکاروں نے اسٹیج پر آکر انہیں اٹھایا اور انہیں احساس ہوا کہ ان کے ساتھ کوئی مسئلہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تھیٹر انتطامیہ اور اسٹیج اداکاروں نے ایمبولینس سروس اور میڈیکل عملے کو فون کیا تاہم جب تک میڈیکل عملہ پہنچا تب تک کامیڈین چل بسے تھے۔
میڈیکل عملے نے تصدیق کی کہ لین کاگنیٹو کی موت ہارٹ اٹیک سے ہوئی۔
کامیڈین کی اسٹیج پر ہونے والی ڈرامائی موت پر ان کے ساتھ اداکاروں نے سوشل میڈیا پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اورانہیں حقیقی کامیڈین قرار دیا۔