بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا اور اداکار ظہیر اقبال کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ لیک ہونے کے بعد شادی کی تصدیق بالی وڈ شخصیات کی جانب سے بھی کی جانے لگی۔

گزشتہ چند روز قبل میڈیا پر خبریں سامنے آئی تھیں کہ سوناکشی اور ظہیر اقبال رواں ماہ 23 جون کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہے ہیں جس کی تاحال دونوں اداکاروں کی جانب سے تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
تاہم گزشتہ روز جوڑے کی شادی کا آڈیو دعوت نامہ سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا تھا جس میں سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال نےشادی کا اعلان کیا ہے۔
آڈیو دعوت نامے کے لیک ہونے کے بعد اداکارہ پونم دھلون نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ انہیں سوناکشی کی شادی کا خوبصورت دعوت نامہ موصول ہوا ہے۔
دوسری جانب بالی وڈ ریپر یویو ہنی سنگھ کی جانب سے بھی سوناکشی کی شادی کی تصدیق کی گئی ہے۔
ہنی سنگھ نے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کی جس میں درج تھا کہ ’میں اپنی نئی البم کے پہلے گانے کی شوٹنگ کے لیے لندن میں ہوں گا لیکن اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ میں اپنی بہترین دوست سوناکشی کی شادی میں شرکت کروں‘۔









