نئی دہلی:کانگریس نے چناؤ کمیشن پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی ساتھی تنظیم کے طورپر اس کی کٹھپتلی بن کر کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے آج کہا کہ چیف الیکشن کمشنر ذاتی خلوص ادا کرتے ہوئے اس آئینی ادارے کی دھجیاں اڑا رہا ہے ۔
کانگریس کے گجرات انچارج جنرل سکریٹری اشوک گہلوت اور پارٹی محکمہ مواصلات کے چیف رندیپ سنگھ سرجے والا نے یہاں پارتی ہیڈکوارٹر میں خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی ،ان کے کابینہ کے اراکین اور بی جے پی صدر کھلے عام انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں لیکن کمیشن اس پر آنکھ موندے ہوئے ہے اور دہرا رویہ اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹی کے ساتھ امتیازی سلوک کررہا ہے ۔مسٹر گہلوت نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی ووٹ دینے کے بعد کھلے عام روڈ شو کر رہے ہیں اور کمیشن اس پر آنکھیں موندے ہوئے ہے ۔انہوں نے الزام لگایا کہ کمیشن کانگریس کی بات پر توجہ نہیں دے رہا ہے اور جس طرح سے وہ مخصوص فرد کے لئے خلوص کے ساتھ کام کرتے ہوئے نظر آرہاہے اس سے واضح ہے کہ بی جے پی کے ساتھ کمیشن بھی ملوث ہے ۔کمیشن اپنی منصفانہ شبیہ کے خلاف وزیراعظم اور ان کے دفتر کے دباؤ میں کام کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے جیوتی گجرات میں مسٹر مودی کے پرنسیپل سکریٹری رہے ہیں اور ا ب بھی وہ ان کے لئے اسی خلوص کے ساتھ کام کرتے نظر آرہے ہیں۔مسٹر مودی کے ساتھ انکے پرانے رشتے ہوسکتے ہیں اس لئے ان کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھا رہے ہیں۔