نئی دہلی : کانگریس نے کہا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھگد ڑ میں مارے گئے لوگوں کے اعداد و شمار چھپائے جا رہے ہیں اور ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو ذمہ داری لینے کے بجائے اعداد و شمار چھپانے میں مصروف ہیں، اس لیے انہیں استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر ٹویٹ کیا کہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر پیش آنے والا المناک حادثہ ریلوے کی وزارت اور وزیر ریلوے کی لاپرواہی کا نتیجہ ہے۔ بھگدڑ کی ذمہ دار ریلوے انتظامیہ ہے اور یہ ذمہ داری لیتے ہوئے وزیر ریلوے کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔
اس کے ساتھ پارٹی نے کچھ پوسٹر بھی لگائے ہیں اور کہا ہے کہ وزیر ریلوے نے ریلوے کو برباد کر دیا ہے۔ اب انہیں اس عہدے پر فائز رہنے کا حق نہیں ہے۔ وزیر ریلوے کی غفلت کے باعث بھگدڑ مچنے سے مسافروں کی جان جارہی ہے۔ انہوں نے ملک کی لائف لائن سمجھی جانے والی ریلوے کو برباد کردیا ہے۔