نئی دہلی،یکم جنوری(یواین آئی)کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت سے نئے سال پر لوگوں کے مسئلوں کو کم کرنےکےلئے پختہ قدم اٹھانے کی امید تھی لیکن اس نے ریلوے کا کرایہ اور رسوئی گیس سلینڈر کے دام بڑھاکران امیدوں پر پانی پھیرا ہے اور پارٹی اس کی مذمت کرتی ہے۔
خواتین کانگریس کی صدر اور پارٹی ترجمان سشمتا دیو نے بدھ کو یہاں کانگریس ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے کہا کہ ریلوے کاکرایہ اور رسوئی گیس سلینڈر کے دام بڑھاکر حکومت نے عام لوگوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے اور نئے سال پر عام لوگوں پر کیا گیا ظلم قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے سال پر حکومت کو بے روزگاری سے متاثرلوگوں کا درد کم کرنے اور بدحال معیشت میں بہتری لانے کےلئے قدم اٹھانے چاہئے تھے لیکن اس نے سال کےپہلے دن ریلوے کا کرایہ اور ایل پی جی سلینڈر کے دام بڑھاکر عام آدمی کو گہرا دھکا دیا ہے۔
یہ دھکا عام لوگوں کےلئے ناقابل برداشت ہے۔ایسا لگتاہے کہ حکومت بےروزگاری اور بدحال ہوتی معیشت میں بہتری لانے کے اقدامات کرنے کے بجائے لوگوں کو مزید بحران میں ڈالنے کا کام کرنے میں زیادہ دلچسپی لے رہی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ملک کے 2.30کروڑ لوگ ریلوے پرانحصار کرتے ہیں اور ان کا کرایہ بڑھاکر حکومت نے انہیں بے رحمی سے کچلنے کی کوشش کی ہے۔
حکومت نے کرائے میں اضافہ ایسے موقع پر کیا ہے جب دیہی صارفین کی شرح گر گئی ہے۔سرکاری اعدادو شمار کے مطابق لوگوں کی خرید کی صلاحیت گرگئی ہے اور بے روزگاری 45سال کی سب سے اونچی سطح پر پہنچ گئی ہے۔