نئی دہلی، ؛کانگریس نے الیکشن کمیشن پر وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) صدر امت شاہ کے اشارے پر کام کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن نے مغربی بنگال میں مسٹر مودی کی دو ریلیوں کے بعد جس طرح سے انتخابی مہم مقررہ وقت سے 24 گھنٹے پہلے روک لگا کر ثابت کر دیا ہے کہ یہ خود مختار ادارہ اب اپنی معتبریت کھو چکا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اب کمیشن کی تقرری کے عمل پر نئے سرے سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔
کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجےوالا نے جمعرات کو پارٹی ہیڈ کوارٹر میں منعقد خصوصی پریس کانفرنس میں کہا کہ کمیشن کے کام کرنے کے طریقے سے صاف ہو گیا ہے کہ وہ جمہوری اقدار کی حفاظت نہیں کر پا رہا ہے اور صرف مودی اور شاہ کے اشارے پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی صدر کے اشارے پر تشدد ہوا ہے اور اس کی شکایت کمیشن سے کی گئی ہے لیکن کمیشن نے شاہ کے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے مخصوص تاریخ سے 24 گھنٹے پہلے انتخابی مہم پر روک لگا دی۔ کمیشن نے جان بوجھ کر پرچارختم ہونے کا وقت جمعرات رات 10 بجے طے کیا کیونکہ اس وقت تک ریاست میں مسٹر مودی کی دو ریلیاں مکمل ہو جائیں گی۔
ترجمان نے کہا کہ کانگریس نے کمیشن میں مودی اور شاہ کے خلاف 11 شکایتیں درج کرائی تھیں لیکن اس نے ایک شکایت پر بھی توجہ نہیں دی، اس سے ظاہر ہے کمیشن مسٹر مودی اورامت شاہ کے اشارے پر کام کر رہا ہے اور وہ اپنی معتبریت کھو چکا ہے۔