اجمیر، 23 جنوری (یو این آئی) آسام کے شمالی لکھیم پور میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑا نیائے یاترا پر حملے کے خلاف احتجاج میں ریاست گیر مون ستیہ گرہ کے ایک حصے کے طور پر راجستھان کے اجمیر میں بھی مون ستیہ گرہ کا انعقاد کیا گیا۔
سٹی ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی کی جانب سے اسٹیشن روڈ پر واقع گاندھی بھون میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے نیچے دیے گئے دھرنے میں کانگریسیوں کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔مسودا کے سابق ایم ایل اے راکیش پاریک نے اس پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) مذہب کی ٹھیکیدار بن گئی ہے ، ایشور انہیں عقل دے ۔ کانگریس تمام مذاہب اور ذاتوں کو ساتھ لے کر چلتی ہے لیکن بی جے پی کی یک طرفہ مہم ملک کو تقسیم کررہی ہے ۔
ریاستی کانگریس کے نائب صدر نسیم اختر انصاف نے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی کے دورے پر حملہ اور گاڑیوں کے شیشے توڑنا جمہوریت کا قتل ہے ۔ اجمیر ڈیری کے صدر رام چندر چودھری نے کہا کہ بی جے پی مسٹر گاندھی کے راستے میں جتنی زیادہ رکاوٹ بنے گی مسٹر گاندھی اور کانگریس اتنے ہی مضبوط ہوں گے ۔
اجمیر شہر کے صدر وجے جین نے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لوگ سمجھ رہے ہیں۔ نیائے یاترا پر حملہ کرنے سے مخالفین کے منصوبے پورے نہیں ہوں گے ۔مون ستیہ گرہ دھرنے میں کانگریس کے دیگر سینئر قائدین، کونسلر، عہدیدار اور تنظیموں سے وابستہ دیگر لوگ موجود تھے ۔