نئی دہلی،27 جولائی ؛کانگریس پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی پالیسیوں کو جمہوریت مخالف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی آج منتخب حکومتوں کو گرانے کی سازش کے خلاف ملک بھر کے راج بھونوں کا گھیراؤ کرے گی۔
کانگریس نے کل سوشل میڈیا کے ذریعہ’’جمہوریت بچاؤ آئین بچاؤ‘‘پروگرام کا انعقاد کیا اور کہا تھا کہ اس سے بی جے پی کے سازش کو بے نقاب کردیا ہے۔
اس پروگرام میں ورکنگ کمیٹی کے ممبران ، مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ ، سینئر قائدین ، ممبران پارلیمنٹ اور ممبران اسمبلی نے حصہ لیا اور راجستھان کے گورنر سے قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ویڈیو اور پیغامات جاری کئے۔
کانگریس پارٹی کا صبح 11 بجے سے بی جے پی کی مختلف عمارتوں کے سامنے بی جے پی کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرنے کا پروگرام ہے جس میں اس کی ریاستی اکائیوں کے سینئر رہنما اور کارکن شرکت کریں گے۔ کانگریس پارٹی کا الزام ہے کہ گورنر بی جے پی کی حکومت بنانے اور کانگریس کی منتخب حکومتوں کو گرانے کی سازش کررہے ہیں۔