کانپور: ہیلٹ اسپتال میں معاہدہ جاتی بنیاد پرتعینات نرسنگ اسٹاف ،وارڈ بوائے اور صفائی ملازمین کی کووڈوارڈ میں مسلسل ڈیوٹی لگائی جارہی ہے۔اب تک ۸؍اہلکارکورونامتاثر ہوچکے ہیں،اس سے ناراض آؤٹ شورسنگ نرس، وارڈ بوائے اور صفائی ملازمین نے بدھ کے روز ہنگامہ کرتے ہوئے کام بند کردیا۔
دو گھنٹہ تک اسپتال انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور نعرے بازی ہوتی رہی۔ ان کاالزام ہے کہ جوکھم بھرے کام کے باوجود تنخواہ بہت کم ہے اور وہ بھی دوماہ سے نہیں ملی ہے۔ہنگامہ کی اطلاع کے بعد پولیس بھی وہاں پہنچ گئی۔
آؤٹ شورسنگ سے تعینات نرسنگ اسٹاف، وارڈبوائے اور صفائی ملازمین کا الزام ہے کہ ہیلٹ ایمرجنسی کے کووڈ ہولڈنگ ایریا ، نیورو سائنس سینٹر کے کووڈ ا سپتال اور میٹرنٹی ونگ کے کووڈ اسپتال میں چار ماہ سے مسلسل ڈیوٹی کررہے ہیں۔ نرسنگ ہاسٹل اور آشرے استھل میں کوارنٹائن کا بندوبست ہے لیکن وہاں کوئی بھی سہولت نہیں ہے۔نہ صفائی ہی ہے اور نہ ہی سینیٹائز ہوتاہے۔بدنظمیوں سے ناراض ملازمین نے دیر رات کو متحد ہوکر ہنگامہ شروع کردیا۔ حالانکہ ذمہ داران کے ذریعہ سمجھانے پراس وقت توخاموش ہوگئے لیکن صبح کے وقت پھرسے کام روک کر دوگھنٹے احتجاجی مظاہرہ کرتے رہے۔ان کا الزام ہے کہ مستقل ملازمین کی ڈیوٹی نہ تو ہولڈنگ ایریامیں اور نہ ہی کووڈ اسپتال میں لگائی جاتی ہے ،جبکہ معاہدہ جاتی اہلکاروں کی ڈیوٹی بار بار کووڈ میں ہی لگائی جارہی ہے۔کئی گنازیادہ تنخواہ پانے والا مستقل اسٹاف کوئی کام نہیں کرتاہے ۔اس سلسلہ میں ایس ایل آر اسپتال ہیلٹ کے سپرنٹنڈنٹ پروفیسر رچاگری کاکہناہے کہ کووڈ یانان کووڈ میں انچارج کے طور پرمستقل ملازم لگائے جاتے ہیں، آؤٹ شورسنگ ملازمین کو ذمہ داری نہیں دی جاسکتی ہے ، ان کے کوارنٹائن ہاؤس کی صفائی اور سینیٹائزیشن کے احکامات کی ہدایات دی گئی ہیں،ٹھیکیدار کو جون تک کی ادائیگی کی جاچکی ہے۔