سنبھل: تازہ طور پر سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے نئے بورڈ کو لے کر ایک تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔ شاہی جامع مسجد کے وکیل شکیل احمد وارثی نے اے ایس آئی کے بھیجے گئے نئے بورڈ پر اعتراض اٹھایا ہے۔
بورڈ پر مسجد کا نام ‘جمعہ مسجد’ لکھا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ مسجد پہلے ہی شاہی جامع مسجد کے نام سے مشہور ہے اس لیے اب نئے نام کی ضرورت نہیں ہے۔
بدھ کو شاہی جامع مسجد کے وکیل شکیل احمد وارثی نے کہا کہ مسجد پہلے سے ہی سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے نام سے مشہور ہے۔ اب اسے جمعہ مسجد کا نیا نام دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غلط بورڈ بھیجا گیا ہے۔ کوئی نیا ہنگامہ کھڑا کرنے کی ضرورت نہیں۔ بورڈ بھیجنے کی کیا ضرورت تھی؟ ہمیں نئے بورڈ کی ضرورت نہیں تھی کیونکہ پرانا بورڈ پہلے سے موجود تھا۔
اے ایس آئی کی جانب سے بھیجے گئے نئے بورڈ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’شاہی جامع مسجد کی انتظامیہ اس سلسلہ میں مشاورت کررہی ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ کے وکیل اور سپریم کورٹ کے وکلاء سے بھی رائے ی جائے گی۔ پھر اس پر اعتراض کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں جامع مسجد انتفاضہ کمیٹی اے ایس آئی کے سامنے اعتراض داخل کرے گی۔ جب مسجد سے متعلق تنازعہ پہلے ہی عدالت میں چل رہا ہے تو پھر اس طرح کا نیا تنازعہ کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ سنبھل کی شاہی جامع مسجد پر ہندو فریق کی جانب سے مندر ہونے کا دعویٰ کیا گیا جس کے بعد مقامی عدالت نے سروے کا حکم دیا تھا تاہم سروے کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا جس میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔