نئی دہلی، : منی پور تشدد واقعات پر بحث کرانے معاملے پر حکمران جماعت اور اپوزیشن کے درمیان جمعرات کو راجیہ سبھا میں سخت الفاظ کا تبادلہ دیکھنے میں آیا، جس کے نتیجے میں ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ مانسون سیشن پہلے ہی دن ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا۔ صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر جگدیپ دھنکڑ نے ایوان کے سبکدوش اراکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کر دی۔ 12 بجے ایوان دوبارہ شروع ہونے کے بعد اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے چیئرمین کو ایوان کی کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔
اس طرح پہلے ہی روز وقفہ صفر اور وقفہ سوال کا انعقاد نہ ہوسکا۔ 2 بجے کارروائی شروع ہوتے ہی چیئرمین نے ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھے ۔ اس کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے سنیماٹوگراف (ترمیمی) بل 2019 کو واپس لینے کی تجویز پیش کی جسے ایوان نے صوتی ووٹ سے منظور کرلیا۔ اس کے بعد جیسے ہی انہوں نے اس کی جگہ نیا بل، سنیماٹوگراف (ترمیمی) بل۔2023 پیش کیا، اپوزیشن اراکین نے منی پور کی صورتحال پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا۔ایوان میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ انہوں نے صبح بھی منی پور کی صورتحال پر بحث کرانے کا مطالبہ کیا تھا اور اس سلسلے میں ضابطہ 267 کے تحت دیئے گئے تحریک التواء کے نوٹس کا حوالہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ منی پور کی صورتحال کی طرف ایک بار پھر چیئرمین کی توجہ مبذول کر ارہے ہیں۔









