نئی دہلی ، 5 مارچ ؛ ملک کی کچھ ریاستوں میں کورونا وائرس (کووڈ ۔19) کے انفیکشن میں گزشتہ کچھ دنوں سے اچانک آئی شدت کے درمیان فعال کیسز میں اضافہ جاری ہے اور اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد پھر 100 سے تجاوز کر گئی۔
مسلسل تین دنوں تک کورونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 100 سے کم درج کی گئی لیکن گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وبا سے 113 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس دوران صحتیاب ہونے والوں کی تعداد کم رہنے سے فعال کیسز میں 2906 کااضافہ ہوا ہے۔ دریں اثنا ملک میں اب تک ایک کروڑ 80 لاکھ پانچ ہزار 503 افراد کو کوروناکے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں ۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 16،838 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 11 لاکھ 73 ہزار سے زائد ہو گئی ہے ۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13،819 مریض صحتیاب ہوئے ہیں ، جس سے اب تک ایک کروڑ آٹھ لاکھ 39 ہزار 894 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ فعال کیسز 2906 بڑھنے سے 1.76 لاکھ ہو گئے ہیں ۔ اسی دوران اس وبا سے 113 افراد کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 57 ہزار 548 ہوگئی ہے۔
ملک میں شفایابی کی شرح کم ہو کر 97.01 رہ گئی ہے اور فعال کیسز کی شرح کم ہوکر 1.57 فیصد رہ گئی ہے جبکہ شرح اموات ابھی 1.40 فیصد ہے۔
مہاراشٹر کورونا کے فعال کیسز کے معاملے سرفہرست ہے اور ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زائد فعال کیسز بڑھنے سے ان کی تعداد بڑھ کر 86،359 ہوگئی ہے۔ ریاست میں 6135 مریض صحتیاب ہو ئے ہیں ، جس سے کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد بڑھ کر 20.439 لاکھ ہوگئی ، جبکہ 60 سے زائد مریضوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 52،340 ہوگئی ہے۔