واشنگٹن، 21 دسمبر ؛ وائٹ ہاؤس کے ایک ملازم جو حال ہی میں امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ رابطے میں آئے تھے، کووڈ-19 کے ٹیسٹ میں پازیٹو پائےگئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان جین ساکی نے بیان جاری کرکے یہ اطلاع دی ۔ملازم 17 دسمبر کو مسٹر بائیڈن کے رابطے میں آئے تھے۔
محترمہ ساکی نے کہا،’’ایک درمیانے درجے کا ملازم پیر کی صبح کووڈ 19 کے ٹیسٹ میں پازیٹو پایا گیا ہے۔ تین دن پہلے جمعہ کو یہ ملازم تقریباً 30 منٹ تک ایئر فورس ون پر صدر کے قریب ٹھہرا تھا۔ اس ملازم کا صدر سے باقاعدہ رابطہ نہیں ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، “اتوار کو صدر کا اینٹیجن ٹیسٹ کیا گیا اور رپورٹ منفی آئی۔ پیر کی صبح جب عملہ مثبت پایا گیا تو صدر کا دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ کیا گیا اور رپورٹ منفی آئی۔ بدھ کو اس کا دوبارہ معائنہ کیا جائے گا۔‘‘