کورونا کے بڑھتے کیسز کےباعث لندن میں نئے سال کی آمد پر ہونے والا آتش بازی کا مظاہرہ منسوخ کر دیا گیا ۔عرب ویب سائٹ اردو نیوز نے برطانوی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا ہے کہ لندن کے میئر صادق خان نے تصدیق کی ہے لندن اسمبلی کے اراکین نے نئے سال کی آمد پر ہونے والے روایتی آتش بازی کے مظاہرے کو منسوخ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سال یہ مظاہرہ کورونا کیسز کی وجہ سے نہیں ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق میئر نے بتایا کہ جمعے کو ہونے والے سیشن کے دوران اسمبلی نے کورونا کی وجہ سے بجٹ کٹوتیوں کی منظوری دے دی۔
ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کٹوتی کا مطلب ہے کہ 1999 سے مسلسل منعقد ہونے والے روایتی آتش بازی کا مظاہرہ بھی رواں سال نہیں ہوگا۔
رواں سال اگست میں آتش بازی کے لیے 1.2 ملین پاؤنڈ مختص کیے گئے تھے تاہم یہ سال 2020-21 کی 20.1 ملین پاؤنڈ مالیت کی بچت مہم میں آ گئے۔
رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے سیکرٹری صحت میٹ ہنکاک کا کہنا ہے کہ ہم دوبارہ لاک ڈاؤن سے بچنا چاہتے ہیں لیکن اگر ضرورت پڑی تو نافذ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ہنکاک کا کہنا تھا کہ ’افسوس کی بات ہے کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ ہر آٹھ دنوں کے بعداسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد دگنی ہو رہی ہے، اس لیے ہمیں کچھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔‘