ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں میں کمی کے بعد صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ ملک کے بڑے حصے میں پیر سے مساجد کھول دی جائیں گی۔غیر ملکی خبر ایجنسی ‘اے ایف پی’ کے مطابق ایران کی وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے کہا کہ چوبیس گھنٹے میں ملک میں کورونا سے 47 اموات ہوئیں جو گزشتہ 55 روز میں سب سے کم ہیں۔
انہوں نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ آنے والے دنوں میں یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ان کا یہ بیان ایرانی صدر حسن روحانی اس خطاب کے بعد آیا جس میں انہوں نے کہا کہ 132 کاؤنٹیز، یعنی ملک کے ایک تہائی انتظامی ڈویژنز میں پیر سے مساجد کھل جائیں گی۔
ایران کی کورونا وائرس ٹاسک فورس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ‘سماجی فاصلہ رکھنا اس وقت اجتماعی طور پر عبادت کرنے سے زیادہ ضروری ہے۔’
واضح رہے کہ مارچ میں کورونا کی خوفناک صورتحال کے بعد ایران میں مساجد اور بڑے مزارات کو بند کردیا گیا تھا۔حسن روحانی نے کہا کہ ‘جن کاؤنٹیز میں مساجد کھولنے کی اجازت دی گئی ہے وہاں کورونا کا کم خطرہ ہے۔’ٹاسک فورس نے 16 مئی سے گرمیوں کی تعطیلات سے قبل ایک ماہ کے لیے اسکول کھولنے کے معاملے پر بھی غور کیا۔کیانوش جہانپور نے کہا کہ 47 نئی اموات کے بعد ایران میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد 6 ہزار 203 ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں وائرس کے 976 نئے کیسز بھی سامنے آئے ہیں جس کے بعد ایران میں متاثرہ افراد کی تعداد 97 ہزار 424 ہوگئی۔
تاہم ایرانی اور بین الاقوامی ماہرین و حکام ملک میں متاثرہ افراد کے اعداد و شمار کے حوالے سے شکوک و شبہات کا اظہار کرتے آئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایران میں کیسز سامنے آنے والی تعداد سے کئی گنا زیادہ ہیں۔