نئی دہلی، 26 مارچ (یو این آئی) ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کرونا وائرس کووڈ 19وبا کے 43 نئے معاملے سامنے آئے ہیں اورچار مریضوں کی موت ہونے کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہوگئی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے کل پازیٹیو معاملوں کی تعداد بڑھ کر 649 ہوگئی ہے اور ان میں602 ہندوستانی شہری اور 47 غیر ملکی شہری ہیں۔
وزارت صحت میں جوائنٹ سکریٹری لو اگروال نے جمعرات کویہاں نامہ نگاروں کی کانفرنس میں کرونا وبا کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی توجہ کرونا وائرس مریضوں کے بہتر علاج، بیرون ممالک سے آئے مریضوں کو قرنطینہ کاپوری طرح پالن کرانے اور ان کے رابطہ میں آئے لوگوں کی نگرانی کرنا ہے اور اس کے بہترنتائج بھی ملنے شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مرکزی حکومت کی درخواست پر مختلف ریاستوں نے خاص طور سے کرونا وائرس کے لئے اسپتال بنانے کا کام شروع کردیا ہے اوراب تک کرونا وائرس کے علاج کے لئے سترہ ریاستوں میں اسپتالوں کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس بیماری سے بچاؤ کے لئے سوشل ڈسٹنسنگ بہت اچھا قدم ثابت ہوسکتا ہے اور اگر لاک ڈاؤن کے دوران اس کی پوری طرح سے پیروی کرلی جاتی ہے تو اس بیماری کے وائرس کے پھیلنے کے چین کو کافی حد تک قابو میں کیا جاسکتا ہے۔
مسٹر اگروال نے بتایا کہ حالانکہ کرونا وائرس کے کافی معاملے سامنے آرہے ہیں لیکن ان کا رجحان دیکھا جائے تو اس میں کمی محسوس کی جاسکتی ہے اوراس کی رفتار کو دیکھتے ہوئے تھوڑا اطمینان بخش کہا جاسکتتا ہے لیکن ہ اس سے نمٹنے کے لئے کوئی لاپروائی نہیں برتیں گے۔