نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) ملک میں گزشتہ دو دنوں کے دوران کورونا انفیکشن کے نئے معاملوں میں جزوی کمی آئی اور تقریباً 4000 لوگوں کے صحت مند ہونے سے جہاں تھوڑی راحت ملی ہے، وہیں گزشتہ 24 گھنٹے میں انفیکشن کے 6387 نئے کیس سامنے آنے سے ملک میں اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد 1.50 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

ہندوستان اس انفیکشن سے متاثر ہونے کے معاملے میں دنیا میں 10 ویں نمبر پر ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں اس انفیکشن کے 6387 نئے معاملے درج کئے گئے ہیں اور 170 لوگوں نے اپنی جان گنوائی۔ وہیں اس مدت میں 3935 لوگ ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے بدھ کو جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں اب تک اس سے 151767 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4337 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔