نئی دہلی،16 ستمبر(یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے سلسلے میں روز کوئی نہ کوئی ریکارڈ بن رہا ہے اور ہر روز بڑی تعداد میں انفیکشن کے نئے معاملے سامنے آنے کی وجہ سے متاثرین کی تعداد 40 سے 50 لاکھ پہنچنے میں محض 11 دن لگے۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے بدھ کو جاری اعدادو شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 90123 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرین کی کل تعداد 50 لاکھ کو پار کرکے 50,20,360 پر پہنچ گئی۔
منگل کو اعدادو شمار میں کورونا کی تعداد 80 ہزار کو پار کر گئی تھی۔ ملک میں کورونا انفیکشن پھیلنے کے بعد صرف نو دن میں دس ہزار مریضوں کی موت ہوئی اور تعداد 70 ہزار سے بڑھکر 80 ہزار کے پار پہنچ گئی۔
کوویڈ -19 ملک میں کیسے بے تہاشا پھیلا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف دو مہینے کے اندر ہی 40 لاکھ لوگوں میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے۔