نئی دہلی، 8 اگست (یو این آئي) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 933 کورونا متاثرکی موت ہونے کے ساتھ کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی شرح 2.04 فیصد ہوگئي ہے۔
ہفتہ کے روز وزارت صحت وخاندانی بہبود کی طرف سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق 7 اگست کو ملک بھر میں 933 کورونا متاثرہ افراد فوت ہوگئے، جس سے اب تک اس عالمی وبا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 42 ہزار کے پار 42،518 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے آج کہا کہ ٹیسٹ، ٹریک، ٹریٹ کی حکمت عملی کے تحت مرکزی، ریاستی اور مرکزکے زیر انتظام خطوں کی کوششوں سے کوروناوائرس کے سبب ہونے والی اموات میں کمی ہوئی ہے۔ دنیا میں اوسط 91 کے مقابلے ہندوستان میں فی 10 آبادی میں 30 اموات ہوئی ہيں۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ 300 کورونا متاثرین فوت ہوئے۔ اس کے علاوہ تمل ناڈو میں 119، کرناٹک میں 101، آندھرا پردیش میں 89، اترپردیش میں 63، مغربی بنگال میں 52، دہلی میں 23، گجرات میں 22 ، پنجاب میں 22 ، مدھیہ پردیش میں 16 ، تلنگانہ میں 14، اتراکھنڈ میں 14، جموں وکشمیر میں 13، اڈیشہ میں 12 اور راجستھان و چھتیس گڑھ میں 10 کورونا متاثرین کی موت ہوئی ہے۔
7 اگست کو انڈمان ونیکوبار جزائر، چنڈی گڑھ ، آسام ، بہار، گوا، ہریانہ، جھارکھنڈ، کیرالہ، لداخ، ناگالینڈ، منی پور، پڈوچیری اور تریپورہ میں 10 سے کم اموات ہوئی ہيں۔
ہماچل پردیش، میگھالیہ اور سکم، اروناچل پردیش، دادر ونگر حویلی اور دمن دیو میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ایک بھی کورونا متاثرہ مریض کی موت نہیں ہوئی۔ میزورم ملک کی واحد ریاست ہے جہاں ایک بھی کورونا متاثرہ مریض کی موت نہیں ہوئي ہے۔