لکھنؤ؛ ایراز لکھنؤ میڈیکل کالج میں زیر علاج کورونا متاثر مریض تیزی سے شفایاب ہو رہے ہیں۔ آپ کو بتادیں کہ کل اتوارکے روز بھی ۱۰مریضوں کو صحت یاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔
اس طرح ایرااسپتال سے گزشتہ تین روزمیں ۱۵۰ کے قریب مریضوں کو چھٹی دی جا چکی ہے۔ یہاں پر اتوار کے روز بھی ۳۰ نئے مریضوں کو ضلع انتظامیہ کے ذریعہ بھرتی کرایا گیا۔ مذکورہ اسپتال میں مریضوں کی تعداد ۲۳۲ ہے۔ ایرامیڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم اے فریدی نے بتایا کہ فی الحال ریاست میں سب سے زیادہ مریضوں کا علاج ایرامیڈیکل کالج کے ذریعہ کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے ڈاکٹروں کے ذریعہ مریضوں کو بہتر معالجاتی خدمات فراہم کرائی جارہی ہیں۔ مریضوں کیلئے غذائیت سے بھرپور کھانے کے ساتھ ساتھ اخبار، رسالے اور ٹی وی دیکھنے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹروںکی ٹیم پوری محنت اور لگن کے ساتھ مریضوں کا بہترین علاج کرنے میں مصروف ہے۔