نئی دہلی، یکم جولائی (یو این آئي) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے قومی یوم اطباء کے موقع پر ملک اور بیرون ملک میں ڈاکٹروں اور نرسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کورونا وائرس کی وبا کے خلاف جنگ میں انہوں نے جو کردار ادا کیا ہے، اس پر سب کو فخر ہے۔
مسٹر راہل گاندھی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کووڈ -19 کے بحران سے نمٹنے میں ان کے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ “ہم آپ سے یہ نہیں کہتے کہ جو کچھ آپ کو ملا ہے وہ کافی ہے، لیکن آپ اس وقت ہمیں خاص طور پر فخر کا سامان فراہم کررہے ہیں۔ ہم آپ کی خدمات کے لئے آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ آپ ہمارے ملک کے نمائندے ہیں اور آپ ہمیں فخر محسوس کرارہے ہیں۔ آپ کے ساتھ بات چیت کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے”۔
کانگریس کے لیڈر نے اس موقع پر جن نرسوں سے بات کی ان میں نیوزی لینڈ سے انو، آسٹریلیا سے نریندر سنگھ، برطانیہ سے شیرلی اور آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس-ایمس سے وپن کرشنن شامل ہیں۔
مسٹر راہل گاندھی نے مرد اور خواتین نرسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ” ہندوستان اور بیرون ملک آپ جو کام کررہے ہیں اس پر مجھے بہت فخر ہے۔ نہ صرف آپ بلکہ لاکھوں نرسیں اور آپ جیسے ڈاکٹر جو ہمارے ملک سے تعلق رکھتے ہیں، وہ ہندوستان اور بیرون ملک بہترین کام اور خدمت کر رہے ہیں”۔