نئی دہلی ،11 ستمبر ( یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور دن بہ دن حالات بگڑتے جارہے ہیں اور مسلسل دوسرے دن نئے کیسز اور ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 96 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے،اورسب سے زیادہ 1،209 افراد اس جان لیوا وائرس سے ہلاک ہو نے کی اطلاعات ہیں۔
مرکزی وزارت کی جانب سے جمعہ کو جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 96،551 نئے کیسز کے ساتھ متاثرین کی مجموعی تعداد 45،62،415 ہوگئی ۔ اسی مدت کے دوران ہلاکتوں کی تعداد1209سے بڑھ کر 76،271 ہوگئی۔ اسی عرصہ میں 70،880 کورونا مریض صحت مند ہوئے جس سے وبا سے راحت حاصل کرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 35،42،664 ہوگئی ہے۔ شفایابی حاصل کرنے والوں کے مقابلہ میں وبا کے نئے کیسز زیادہ ہونے سے ایکٹیو کیسز 24،462 سے بڑھ کر 9،43،480 ہوگئے ۔
ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 20.68 فیصد ،شفایابی کی شرح 77.65 فیصد اوراموات کی شرح 1.67 فیصد ہے۔