نئی دہلی 2جولائی(یواین آئی)کورونا وائرس(کووڈ-19)کے پھیلاو کی روک تھام اور علاج میں کئے جارہے مرکز اور ریاستی حکومتوں کی ٹھوس کوششوں سے کورونا وائرس متاثرین کے صحت یاب ہونے کی شرح بڑھ کر 59.52 فیصد ہوگئی ہے۔
مرکزی وزارت صحت وخاندانی بہبود سے جمعرات کو موصولہ رپورٹ کے مطابق ،کووڈ-19 کے بروقت انتظام کی وجہ سے ملک میں یومیہ 10000 سے بھی زائد متاثرہ مریض شفایاب ہورہے ہیں۔ملک میں فی الحال کورونا انفکشن کے 226947 سرگرم معاملے ہیں اور 359859 کورونا مریض اب تک پوری طرح ٹھیک ہوچکے ہیں ۔جس سے صحت یابی کی شرح بڑھ کر 59.52 فیصد ہوگئی ہے۔
گذشتہ 24گھنٹوں میں 11881 کورونا متاثر صحت یاب ہوئے ہیں۔انفکشن سے صحت یاب مریضوں اور سرگرم معاملوں کو فاصلہ بڑھ کر اب 132912 ہوگیا ہے۔کورونا متاثرین کی شناخت کے لئے جانچ سہولت مہیا کرانے والے لیب کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتے ہوئے 1065 ہوگئی ہے جس سے نمونہ جانچ کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے۔ملک میں اب تک 9056173 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔ ریکوری شرح کے معاملے میں چنڈی گڑھ ملک میں سب سے آگے ہے۔ یہاں ریکوری شرح 82.3 فیصد ہے۔ اس کے بعد ، میگھالیہ میں 80.8 فیصد ، راجستھان میں 79.6 فیصد ، اتراکھنڈ 78.6 فیصد ، چھتیس گڑھ اور تریپورہ میں 78.3 فیصد ، بہار 77.5 فیصد ، میزورم اور مدھیہ پردیش میں76.9 فیصد اور جھارکھنڈ کی ریکوری شرح 76.6 فیصد ہے۔
مہاراشٹرا میں اب تک سب سے زیادہ انفیکشن مریض ٹھیک ہوئے ہیں۔ ریاست میں ، 93،154 مریض کورونا وائرس کوویڈ 19 سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اس کے بعد دہلی سے 59،992 ، تمل ناڈو 52،926 ، گجرات 24،030 ، اترپردیش 16،629 ، راجستھان 14،574 ،مغربی بنگال 12،528 ،مدھیہ پردیش 10655،ہریانہ 10،499 ، اور تلنگانہ سے 8،082 مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔