نئی دہلی، 05 جولائی(یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس کووڈ19 سے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی تعداد اب چار لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ٹھیک ہونے والے مریضوں کی شرح بڑھ کر 60.77 ہوگئی ہے وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود نے اتوار کو بتایا کہ ملک میں فی الحال کورونا انفیکشن کے 2,44,814 معاملے ہیں۔ 4,09,082 کورونا سے متاثر مریض اب پوری طرح ٹھیک ہوچکے ہیں جس سے انفیکشن سے ٹھیک ہونے والوں کی شرح 60.77 فیصد ہوگئی ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 14,856 کورونا سے متاثر مریض ٹھیک ہوگئے ہیں۔ انفیکشن سے ٹھیک ہونے والے معاملوں کا تناسب بڑھ کر اب 1,64, 268ہوگیا ہے۔ حالانکہ گزشتہ تین دنوں سے ملک میں روزانہ 20,000 ہزار سے زیادہ لوگ کورونا سے متاثر ہورہے ہیں۔
کورونا انفیکشن کے مریضوں کی جانچ کرنے والے لیبوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد لیبوں کی تعداد 1,100 ہوگئی ہے جس سے نمونوں کی جانچ کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔ ملک میں اب تک 97,89,066 نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔
ملک میں سب سے زیادہ 85.9 فیصد ٹھیک ہونے والے مریضوں کی شرح چنڈی گڑھ کی ہے۔ اس کے بعد لداخ 82.2 فیصد ، اتراکھنڈ 80.9 فیصد، چھتیس گڑھ 80.6 فیصد، راجستھان 80.1 فیصد، میزورم 79.3 فیصد، تریپورہ 77.7 فیصد، مدھیہ پردیش 76.9 فیصد، جھاڑکھنڈ 74.3 فیصد اور بہار میں ٹھیک ہونے والوں کی شرح 74.2 فیصد ہے۔