نئی دہلی ، 31 جنوری ( یواین آئی) ملک میں کوروناوائرس کی سست رفتار کے درمیان اس موذی وبا کو شکست دینے والوں کی تعداد میں لگاتار اضافے سے شفایابی کی شرح تقریبا 97 فیصد تک پہنچ گئی ہے ، جبکہ ایکٹیو کیسز میں گراوٹ کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
اتوار کی صبح مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں جان لیوا کورونا وائرس کے 13،052 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس سے اس کے متاثرین کی تعداد ایک کروڑ سات لاکھ 46 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اسی مدت کے دوران ملک بھر میں 13،965 مریض صحتمند ہوئے ، جس سے کورونا سے شفایابی حاصل کرنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد ایک کروڑ چار لاکھ 23 ہزار 125 ہوگئی اوراس کی شرح 96.99
ہوچکی ہے۔
وہیں ایکٹیو کیسز 1040 سے گھٹ کر یہ تعداد 1.68 لاکھ رہ گئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ملک میں 127 مریض فوت ہوگئے جس سےہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار 274 ہوگئی۔
ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 1.57 فیصد جبکہ اموات کی شرح اب بھی 1.44 فیصد ہے۔