نئی دہلی، 03 اگست (یواین آئی) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ19) سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد اٹھارہ لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اور ملک میں پیر کو مسلسل پانچویں دن اس انفیکشن سے متاثر پچاس ہزار سے زیادہ معاملے درج کئے گئے مرکزی وزارت صحت وخاندانی فلاح وبہبود کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق پورے ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس انفیکشن کے 52,972 معاملے درج کئے گئے جس کے بعد انفیکشن سے متاثروں کی تعداد 18,03,696 ہوگئی۔
اب تک 38,135 لوگوں کی اس سے موت ہوچکی ہے اور مجموعی طور سے 11,86,203 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ملک میں اس وقت کورونا وائرس کے 579357 سرگرم معاملے ہیں۔
پورے ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے انفیکشن کی جانچ کے لئے 3,81,027 نمونوں کی جانچ کی گئی۔ پورے ملک میں اب تک دو کروڑ سے زیادہ نمونوں کی جانچ کی جاچکی ہے۔
انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ (آئی سی ایم آر) کی جانب سے پیر کو جاری اعدادوشمار کے مطابق دو اگست کو کورونا وائرس انفیکشن کا پتہ لگانے کے لئے پورے ملک میں 3,81,027 نمونوں کی جانچ کی گئی اور اس کے ساتھ ہی اب تک جانچ کئے گئے نمونوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2,02,02, 858 ہوگئی ہے۔