نئی دہلی، 13 اپریل (یو این آئی) ملک میں کوروناوبا سے نمٹنے کے لئے مرکز اور ریاستی حکومتوں کی مربوط کوششوں کے کارگر نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ ملک کی 15 ریاستوں کے 25 اضلاع میں گزشتہ 14 دنوں میں کورونا وائرس کے انفیکشن کا ایک بھی نیا معاملہ سامنے نہیں آیا ہے جبکہ اس سے پہلے ان اضلاع میں متاثرہ لوگ پائے گئے تھے۔
وزارت صحت کے مطابق ان میں مہاراشٹر کا گوندیا، چھتیس گڑھ کا درگ، راج نندگاؤں اور بلاسپور، کرناٹک کا اڈوپی، داونگیرے اور تمكرو، کیرلا کا وائناڈ اور كوٹایم، گوا کا جنوبی گوا، ہریانہ کا پانی پت، روہتک اور سرسا، اتراکھنڈ کا پوڑھی گڑھوال، تلنگانہ کا بھدرادی اور كوٹھاگڈم، منی پور کا مغربی امپھال، جموں-
کشمیر کا راجوری، پڈوچیری کا ماہے، بہار میں پٹنہ، نالندہ اور منگیر، میزورم کا مغربی آئزول، پنجاب کا اے ایف نگر، راجستھان کا پرتاپ گڑھ ضلع شامل ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک میں کوروناوائرس کے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 9152 ہو گئی ہے اور اتوار سے پیر تک 796 نئے کیس سامنے آئے ہیں اور 308 لوگوں کی موت بھی ہو گئی جن میں 35 افراد کی موت کے نئے معاملے بھی شامل ہیں۔
مثبت بات یہ ہے کہ اب تک 857 لوگ کوروناسے ٹھیک ہو گئے ہیں اور کل ایک ہی دن میں 141 لوگ صحت مند ہوئے۔ یہ سب فیلڈ سطح پر صحت کارکنوں کی سخت محنت اور ضلع انتظامیہ کی ’كنٹینمنٹ اسٹریٹجی‘کا نتیجہ ہے اور آگے بھی اسی حکمت عملی پر کام ہوتا رہے گا۔