نئی دہلی،21اپریل(یو این آئی)ملک میں تین اضلاع ایسے ہیں جس میں گذشتہ 28دنوں سے کورونا کا ایک بھی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے۔ جس میں راجستھان کا پرتاپ گڑھ ضلع بھی شامل ہوگیا ہے اس کے علاوہ ملک کی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر اہتمام ریاستوں میں 62 اضلاع ایسے ہیں جن میں گذشتہ 14 روز سے کورونا کے نئے مریض نہیں ملے ہیں۔
اور اب ان میں چار اضلاع اور جڑ گئے ہیں جن میں مہاراشٹر کے لاتور،عثمان آباد،ہنگولی،اور واسم ہیں۔اس کے علاوہ پہلے ہریانہ کا بھیوانی ضلع ان اضلاع میں شمار تھا جہاں گذشتہ 14روز سے کوئی معاملہ سامنے نہیں آیاتھا۔لیکن اب وہاں کورونا کیسز سامنے آرہے ہیں۔
وزارت صحت کے ترجمان لو اگروال نے منگل کو باقاعدہ پریس بریفنگ میں بتایا کہ ملک میں کورونا کی صورت حال کے پیش نظر وزیر صحت ڈاکٹر ہرشوردھن نے ملک کی سبھی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کے وزرائے صحت کو ان کےاسپتالوں میں خون کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کہا ہے کیونکہ بیشتر خون کی خرابی جیسے تھیلیسیمیا ، ہیموفیلیا اور سیکل سیل انیمیا میں مسلسل خون کی منتقلی کی ضرورت ہوتی ہے،
اسے دیکھتے ہوئے وزیر صحت نے ہدایت دی ہے۔خون کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ای خون پورٹل بنایا ہے۔اس پر خون سے متعلق معلومات حاصل ہوتی رہیں گی۔
اس کے پیش نظر ریڈ کراس نے دارالحکومت دہلی میں 24گھنٹے خون کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ایک کنٹرول روم بنایا ہے،جن کے ٹیلیفون نمبر 011-23359379 ، 9319982104 اور 9319982105 ہیں۔ ان نمبروں پر ، کوئی بھی شخص خون کی فراہمی یا خون کے عطیہ دینے کے لئے رابطہ کرسکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 18601 ہوگئی ہے جس میں 77غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔جبکہ 590اموات درج کی گئی ہیں۔3252مریض کورونا سے صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔