عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سماجی تنظیم گلوبل سٹیزن اور گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے فنڈز جمع کرنے کے لیے اعلان کردہ خصوصی میوزیکل ٹی وی پروگرام کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد نے دیکھا۔
لیڈی گاگا، گلوبل سٹیزن اور عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ 18 اپریل کو خصوصی پروگرام نشر کیا جائے گا اور گزشتہ شب مذکورہ پروگرام کو درجنوں ٹی وی چینلز، متعدد ویب اسٹریمنگ ویب سائٹس اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر براہ راست نشر کیا گیا۔
برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق ون ورلڈ: ٹوگیدر ایٹ ہوم نامی پروگرام کو یورپ و امریکا سمیت دیگر خطوں میں ٹی وی چینلز، ویب اسٹر یمنگ اداروں اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر براہ راست دکھایا گیا۔
خصوصی پروگرام میں 100 سے زائد موسیقاروں، گلوکاروں، اداکاروں، سماجی و سیاسی شخصیات سمیت اسپورٹس اور فیشن و ٹیکنالوجی کی شخصیات نے براہ راست ویڈیوز کے ذریعے شرکت کی تاہم بعض شخصیات نے براہ راست کے بجائے ریکارڈڈ ویڈیوز کے ذریعے پروگرام میں شرکت کی۔
خصوصی پروگرام کی 8 گھنٹے کی نشریات کو گلوبل سٹیزن کے یوٹیوب اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی براہ راست دکھایا گیا جب کہ کئی شخصیات نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسے براہ راست نشر کیا۔