چندی گڑھ: ہریانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان وید پركاش ودروہی نے عوام سے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اعلان کردہ 21 دن کے ملک گیر لاک ڈاؤن کو کامیاب بنا کر کورونا وائرس کو شکست دینے میں اپنا تعاون پیش کرنے کی اپیل کی ہے۔
ودروہی نے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ 21 دن کے لاک ڈاؤن میں کچھ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا، لیکن کورونا وائرس کو شکست دینے کے لئے یہ ضروری ہے کہ اس بحران کی گھڑی میں صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں۔ انتظامیہ لوگوں کو یقین دہانی کرا رہی ہے کہ راشن، پانی، سبزیویاں اور اشیائے ضروری ان کے محلوں تک پہنچ جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگ حکومت کی یقین دہانی پر بھروسہ کریں اور راشن کی غیر ضروری جمع خوری سے گریز کریں۔ وہ بحران کی اس گھڑی میں انتظامیہ، پولیس اور سکیورٹی اہلکارو ں کو ہر ممکن تعاون پیش کریں، ان سے نہ الجھیں اور ان کی ہدایات پر عمل درآمد کریں۔
کانگریس ترجمان نے کہا کہ اگر عام لوگ انتظامیہ، پولیس کو مکمل تعاون پیش نہیں کریں گے تو امن و امان کو بر قرار رکھنے میں انتظامیہ کو مشکلات پیش آئے گی اور شہریوں کو اس بحران کی گھڑی میں مطلوبہ ضروری امداد بہم نہیں پہنچا سکے گی۔
انہوں نے ریاست اور مرکزی حکومت سے بھی اپیل کی کہ 21 دن کے لاک ڈاؤن میں غریبوں، مزدوروں، بے گھروں، جھگی جھونپڑیوں میں رہنے والوں کو راشن پانی، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی کمی نہ ہو اور کرایہ پر رہنے والے طلباء، ملازمین جو بند ڈبہ کھانے منگواتے ہیں، کو مشکلات پیش نہ آئے، اس کے لئے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔