نئی دہلی،5 مئی (یواین آئی) ملک بھر میں کورونا وائرس ’كووڈ -19‘ وبا سے متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس وائرس کے 3900 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اورمزید195مریضوں کی موت کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 1568 ہو گئی ہے۔
ملک کی الگ الگ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کوروناوائرس کے اب تک کل 46433 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں 111 غیر ملکی مریض بھی شامل ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر افراد کے صحت مند ہونے کی رفتار بھی تیز ہوئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے متاثر1020 افراد کے صحت مند ہونے کے ساتھ ایسے لوگوں کی تعداد12727 تک پہنچ گئی ہے۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس کا پھیلاؤملک کی 32 ریاستوں اورمرکز کے زیر انتظام علاقوں میں ہوچکا ہے۔