نئی دہلی ، 27 جولائی (یو این آئی) ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ ۔19) وبا سے متاثر 42 ہزار سے زیادہ مریض صحت مند ہوئےہیں۔ اسی عرصے کے دوران ایکٹیو کیسز میں 13 ہزار سے زیادہ کی کمی واقع ہوئی ہے۔
دریں اثنا ملک میں کورونا وائرس کے 29،689 نئے کیسز رپورٹ اور اس وبا کی وجہ سے 415 افراد ہلاک ہوگئے ۔
اس سے قبل پیر کو کورونا وائرس کے خلاف 66 لاکھ 3 ہزار 112 افراد کو کورونا کے ویکسین لگائے گئے۔ ملک میں اب تک 44 کروڑ 19 لاکھ 12 ہزار 395 افراد کو کورونا کے ویکسین لگائے جاچکے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 29،689 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ ہی ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد بڑھ کر 3 کروڑ 14 لاکھ 40 ہزار 951 ہوگئی ہے۔ اس دوران 42 ہزار 363 مریضوں کی شفایابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے مریضوں کی کل تعداد بڑھ کر 3،06،21469 ہوگئی ہے۔ ایکٹیو کیسز 13،089 سے گھٹ کر تین لاکھ 98 ہزار 100 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصہ میں 415 مریضوں کی ہلاکت سے اموات کی تعداد چار لاکھ 21 ہزار 382 ہوگئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی شرح گھٹ کر 1.27 فیصد ، شفایابی کی شرح 97.39 فیصد اور اموات کی شرح 1.34 فیصد ہوگئی ہے۔
ملک میں ہلاکت خیز اور جان لیوا کورونا وائرس سے سب سے زیادہ اور بری طرح متاثر ریاست مہاراشٹر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹیو کیسز 6253 سے گھٹ کر 92088 پر رہ گئے ہیں۔ دریں اثنا ریاست میں 11077 مریضوں کی شفایابی کے بعد کورونا کو شکست دینے والے مریضوں کی تعداد 6046106 ہوگئی ہے ، جبکہ 53 مریضوں کی ہلاکت سے اموات کی مجموعی تعداد 131605 ہوگئی ہے۔